سونے کی قیمت میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ، فی تولہ 600روپے کا اضافہ
فی تولہ سونے کی قیمت 600روپے بڑھ کر 70ہزار 600روپے کی سطح تک پہنچ گئی۔ گزشتہ چند روز سے انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے، تاہم امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مزید مستحکم ہونے کے باوجود سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ اور دس گرام تولے کی قیمت بالترتیب 600روپے اور 514روپے بڑھ گئی ہے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونیکی قیمتوں کو پر لگے ہیں اور گزشتہ روز بھی فی اونس سونے کی قیمت 29ڈالر بڑھ کر 1297ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی تھی اور آج بھی اس میں مزید اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت 9ڈالر بڑھ کر 1306ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کے اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 70ہزار 600روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 60ہزار 514روپے ہوگئی ہے۔