قوم ضابطہ کار پرسختی سےعمل کریں تاکہ لاک ڈاؤن سے معیشت کے مزید شعبوں کوکھولاجا سکے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے قوم پرزوردیا ہے کہ وہ لاک ڈائون سے معیشت کے مزید شعبوں کو بتدریج کھولنے کیلئے ضابطہ کار پرسختی سے عمل کرے ۔ پیر کے روز اسلام آباد میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے اختتام کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاحت کے شعبے میں پابندیاں نرم کی جائیںگی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے کئی علاقوں میں سیاحت سال کے صرف چند ماہ کے دوران ہوتی ہے انہوں نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتوں سے کہاکہ وہ اس شعبے کو کھولنے کیلئے ضابطہ کار تیار کریں۔ انہوں نے کہاکہ کورنا وائرس ، ویکسین آنے تک ختم نہیں ہوگا ، انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں وائرس مزید پھیلے گا انہوں نے کہاکہ اگر لوگ بروقت ضابطہ کار اور احتیاطی تدابیر پرعمل کریں تو ہم اس کے ساتھ بہتر انداز میں زندگی گزارسکتے ہیں۔