اسرائیلی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے اداروں اور یونیورسٹیوں میں فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی عائد

Jun 01, 2022 | 08:54

 اسرائیلی کابینہ میں قانون سازی کے امور کی ذمہ دار کمیٹی نے ایک مسودہ قانون کی منظوری دی ہے جس میں اسرائیلی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے اداروں یا یونیورسٹیوں میں فلسطینی پرچم لہرانے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ دوسری طرف فلسطینی قیادت نے گذشتہ شام ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں یروشلم میں اسرائیلی اقدامات کا جواب دینے کے لیے جوابی آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قانون ساز کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ دائیں بازو کی "لیکوڈ" پارٹی کےمجوزہ بل کو اگلے بدھ کو ابتدائی بحث اور اس کے بعد کنیسٹ [پارلیمنٹ] میں اس پر رائے شماری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا آغازیروشلم میں اسرائیلی پرچمی مارچ کے ساتھ ہوا، جس میں مسجد اقصیٰ میں دراندازی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی افواج اور آبادکاروں کے حملوں کے غیر معمولی واقعات دیکھے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس بل میں تجویز دی گئی ہے کہ اسرائیلی فنڈز سے چلنے والے ادارے میں دشمن ریاست یا فلسطینی اتھارٹی کی نمائندگی کرنے والے پرچم لہرانے پر اس کے مرتکب کو آئین کے آرٹیکل 21 اور 322 مجریہ 1985 کے تحت ایک سال قید اور 300 ڈالر جرمانہ یا ایک ساتھ دونوں سزائیں دی جائیں گی۔ تجویزپیش کرنے والے رُکن کنیسٹ ایلی کوہن نے کہا کہ جو شخص خود کو فلسطینی کہتا ہے وہ غزہ چلائے۔ ہم اسے یک طرفہ سفر میں مدد بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تجویز اس لیے دی گئی ہے کہ تاکہ آئینی اور غیر آئینی احتجاج میں فرق کیا جاسکے۔ جو لوگ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے اور مخالف گروپ کے جھنڈے لہراتے ہیں وہ اسرائیل کے لیے خطرہ ہیں۔ کوہن نے مزید کہا کہ عرب شہریوں کو بھڑکانا بند ہونا چاہیے۔ وہ بجٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی اسرائیل کے خلاف سرگرمیاں منظم کرنا اور اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنا چاہتے ہیں۔اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی "مذہبی صیہونیت" پارٹی سے تعلق رکھنے والے کنیسٹ کے رکن سمچا روٹمین نے کہا کہ یہ فلسطین کا جھنڈا نہیں ہے، بلکہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا جھنڈا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی میرٹز پارٹی کے رکن پارلیمنٹ موسی راز نے بل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون اس لیے لایا جا رہا ہے کیونکہ اب تک جو کچھ بھی سنا گیا وہ جھوٹ تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کا جھنڈا کیا ہے۔ اسرائیل کی ریاست میں فلسطینی پرچم بلند کرنا جائز ہے۔

مزیدخبریں