ملک میں بجلی بحران سنگین ، 12 سے 15 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری

ملک میں بجلی بحران جاری ہے ،گرمی سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ، ملک میں بجلی کی طلب 27 ہزار 700 میگاواٹ ہوگئی ہے جبکہ رسد 21 ہزار میگاواٹ ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 700 میگاواٹ ہے ، جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے ۔ بجلی کی طلب و رسد کے مطابق شارٹ فال دن بھر کم زیادہ ہوتا رہتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تیل گیس کوئلے کی قلت برقرار ہے، متعدد پلانٹس تیل اور گیس کی قلت کے باعث ابھی بھی بند ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کا شارٹ فال 750 میگا واٹ ہوگیا ہے، لاہور میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ لیسکو نے تاحال لوڈشیڈنگ شیڈول جاری نہیں کیا ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ عروج پر پہنچ چکی ہے۔