بین الاقوامی برادری اورعبوری افغان حکومت کے درمیان مسلسل رابطے کی ضرورت ہے : وزیرخارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکی کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ترک وزیر خارجہ میولود چائوش اولو کے درمیان دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گرمجوشی سے مہمان نوازی پر اپنے ترک ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات پیار اور محبت پر مبنی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان عوام ایک دوسرے کے لیے رکھتے ہیں ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل اور سٹریٹجک اکنامک فریم ورک دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندی تک لے جانے کے لیے مفید طریقہ کار کے طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سال رواں کے آخر میں ترکی میں اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کا منتظر ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔