روس نے روبل میں ادائیگی سے انکار پر ڈنمارک کو گیس سپلائی بند کر دی
روس نے روبل میں ادائیگی سے انکار پر جرمنی، ہالینڈ اور ڈنمارک کو گیس سپلائی بند کر دی۔یورپی یونین کی طرف سے روسی گیس کی خریداری بتدریج کم کرنے کے اعلان کے فوری بعد روس نے یورپی یونین پر جوابی وار کرتے ہوئے جرمنی، ہالینڈ اور ڈنمارک کو گیس کی سپلائی بند کر دی۔ روس کی سرکاری گیس کمپنی گیز پروم کا کہنا ہے کہ اب صرف ان ممالک کو ہی گیس سپلائی کی جائے گی جو روس کو روبل میں ادائیگی کریں گے۔ دوسری طرف جاپان کا کہنا ہے کہ وہ اقتصادی پابندیوں کے باوجود روس کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں تعاون جاری رکھے گا۔ کوئی ہمیں کہے بھی تو ہم اس منصوبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ادھر روس کی طرف سے یورپ کی گیس بند کئے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل 3ڈالر تک سستا ہو گیا۔ امریکی خام تیل فی بیرل 115ڈالر، 10سینٹ کا ہو گیا جبکہ برطانوی خام تیل کی فی بیرل 123ڈالر، 32سینٹ سے کم ہو کر 122ڈالر، 80سینٹ ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے اور قیمتی دھاتوں کے ریٹ بھی گر گئے ۔ سونے کی فی اونس قیمت 17ڈالر کی کمی سے1833 ڈالر، پلاڈیئم کی فی اونس قیمت ایک ہزار، 995ڈالر ہو گئی جبکہ تانبہ 5سینٹ سستا ہو کر فی گرام 4ڈالر، 28سینٹ کا ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت میں 22ڈالر کی کمی سے 1509ڈالر ہو گئی تاہم گندم کی فی بشل قیمت 13ڈالر، 60سینٹ سے بڑھ گئی۔ امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی ایک دن کی تیزی کے بعد مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ ڈا جونز انڈسٹریل انڈیکس 222،ایس اینڈ پی 500انڈیکس 26 جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 50 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔