اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کیس: ایمان مزاری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا

رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنا جواب جمع کرادیا۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرائےگئے بیان میں کہا گیا ہےکہ پاک آرمی کے سپاہیوں کو سینیئر لیڈرشپ کے خلاف بغاوت پر نہیں اکسایا اور نہ ہی اس حوالے سے معاونت کی، جب یہ اقدام ہی نہیں ہوا تو اعانت یا معاونت کیسے ہو سکتی ہے؟ ایمان مزاری کا مؤقف ہےکہ یہ الزام مضحکہ خیز ہےکہ اپنی ماں کی گمشدگی کے وقت میرا ارادہ بغاوت کرانا تھا، یہ میرا حق تھا کہ اپنی معلومات کی بنیاد پر شک کا اظہار کروں، والدہ نےگرفتاری سے قبل بتایا تھا کہ ان کی آرمی چیف کے ساتھ بحث اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے جس کے بعد کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔