سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اس بار تیاری کر کے نکلیں گے: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ہم اس بار بہتر حکمت عملی کے ساتھ احتجاج کے لیے نکلیں گے کیونکہ پچھلی بار ہماری پلاننگ ٹھیک نہیں تھی۔چیئرمین تحریک انصاف نے پشاور میں سوشل میڈیا ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں ہمارا کیس لگا ہوا ہے، ہم سپریم کورٹ سے تحفظ چاہ رہے ہیں کہ کیا پرامن احتجاج پاکستانیوں کا بنیادی حق ہے یا نہیں اور کیا اس طرح کے مجرموں کو آپ اجازت دے سکتے ہیں کہ خواتین و بچوں پر اس طرح کی شیلنگ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں اور جیسے ہی ان کا فیصلہ آتا ہے تو پھر احتجاج کے لیے ہم نکلیں گے، اس مرتبہ بہتر منصوبہ بندی ہو گی کیونکہ پچھلی بار ہماری پلاننگ ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پلاننگ اس لیے ٹھیک نہیں تھی کہ سپریم کورٹ نے ایک رولنگ دی تھی جس کی وجہ سے ہم اس غلط فہمی میں پڑ گئے کہ اب راستے صاف ہوں گے اور یہ سب کو چھوڑ بھی دیں گے، ہمیں کیا پتا تھا کہ انہوں نے کسی کی پرواہ ہی نہیں کرنی لہٰذا اس بار تیاری کر کے جائیں گے اور جو غلطیاں کیں وہ نہیں کریں گے۔