پاک بھارت کشیدہ صورتحال پرپمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ
پاک بھارت کشیدہ صورتحال پرپمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پمز اسپتال کے ایگزیکٹو بورڈ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر صحت عامر کیانی کو ایمرجنسی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بورڈ نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں جب کہ اسپتال میں کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔اجلاس میں پمز اسپتال کی نئی ایمرجنسی بلڈنگ کو وارڈ کے طور پراستعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر رزاق سومرو کو چلڈرن اسپتال جب کہ ڈاکٹرطارق اقبال اورڈاکٹرذوفشاں جبین کو برن یونٹ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں نرسز اور پیرا میڈکل اسٹاف کی موجودگی، پمزاسپتال کی ایمرجنسی لائٹس کے علاوہ تمام لائٹس بند رکھنے، اسپتال کی 17ایمبولینسز ڈرائیورز کے ساتھ ہمہ وقت تیار رکھنے، جینریٹرز کے لیے 5روز کا ایندھن اسٹاک رکھنے اور ایمرجنسی کی صورت میں بلڈ بینک میں خون کی موجودگی ضروری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔