ترک صدر نے بھارت کیساتھ کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا
ترکی کے صدر نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو سراہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے جو تنازعات پرامن انداز میں حل کرنے پر زور دیتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے صدر اردوان کو گزشتہ چند دنوں میں پیدا ہونے والی صورتحال اور بحران کے خاتمے کے لئے ان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انتہائی سنگین صورتحال اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا بھی حوالہ دیا۔ وزیراعظم نے صدر اردوان کی جانب سے پاکستان اور کشمیری عوام کی مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ترکی کے صدر نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بھی ٹیلی فون کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے صدر کو بتایا کہ بھارت نے پلوامہ حملے کے فوراً بعد کسی ثبوت کے بغیر پاکستان پر انگلیاں اٹھانا شروع کر دی تھیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی الزامات کے باوجود مزیدکشیدگی سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پلوامہ واقعے کے بعد قوم سے اپنے دونوں خطابات میں مفاہمتی رویہ اختیار کیا اور بھارت پر زور دیا کہ وہ امن کو ایک موقع دیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر توجہ دے سکے۔ صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کے موقف کو سمجھتے ہیں