امریکہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان،بھارت دونوں کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے،امریکی وزیرخارجہ
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیکل پومپیونے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ فلپائن روانگی سے قبل واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس مسئلے پر رابطے میں رہے گا۔ پومپیو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران اچھی معلومات کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ ایسی کوئی کارروائی نہ کریں جس سے کشیدگی اور خطرات میں اضافہ ہو۔ امریکی وزیر خارجہ نے کشیدگی میں کمی کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے کام کر رہا ہے