کچھ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کچھ بیرونی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، پہلی مرتبہ کسی سربراہ مملکت نے اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے خلاف آواز بلند کی۔اپنے حلقے میں مختلف جگہوں پر دوروں کے دوران خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اور عالمی ہائیبرڈ جنگ میں علماءو مشائخ عظام کو مثبت کردارادا کرنا ہوگا،موجودہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے بڑھتے ہوئے روجحانات ملکی سلامتی کیلئے زہر قاتل ثابت ہونگے، وزیراعظم عمران خان ملک میں کرپشن کے خاتمے اور نظام کی شفافیت اور تبدیلی کیلئے پر عزم ہیں،حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کرکے ایک شفاف نظام کی بنیاد رکھنا چاہتی ہیں، اس کے برعکس اپوزیشن اوپن بیلٹ کے مخالف ملک میں کرپٹ نظام کا تسلسل چاہتی ہے۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کو جب اقتدار ملا قومی خزانہ خالی اور ملکی معیشت زبو حالی کا شکار تھی جس کے بتدریج مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کر لیا ہے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے معیشت پرمصنوعی لباداچڑھایا ہوا تھااور اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا بھارت کی پوری کوشش تھی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جائے ،ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا اور اب ایف اے ٹی ایف نے کہا ہے کہ بلیک لسٹنگ پاکستان کیلئے آپشن نہیں رہا، انشاءاللہ پاکستان جلد گرے لسٹ بھی نکل جائے گا۔