اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے، وزیرداخلہ

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاملزمان کے خلاف دومقدمات درج کیے گئے ہیں اور اب تک انتیس افراد کوگرفتار کیا جاچکاہے۔وزیر داخلہ نے کہا واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دوسو افراد کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا واقعہ کی فوٹیج میڈیا کو مہیاکی جائے گی تاکہ پوری قوم مجرمانہ ذہن رکھنے والے عناصر کے چہرے دیکھ لے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں صحافیوں کے ساتھ ہنگامہ آرائی بھی قابل مذمت ہے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔رانا ثناء اللہ نے کہا عمران نیازی نے جان بوجھ کر عدالتوں کو نقصان پہنچانے کیلئے کارکنان کو اکٹھا کیا یہ روش ناقابل قبول ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کوانتشار اور عدم استحکام سے بچانے کیلئے آنے والے انتخابات میں ان عناصر کو مستردکر دے۔