بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کے اہل خانہ واپس بھارت روانہ ہوگئے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ جیل کے اندرایسا واقعہ رونما ہونا افسوسناک ہے کئی بار جیل حکام آگاہ کرچکے تھے کہ سربجیت سنگھ کی جان کو خطرہ ہے.
واہگہ بارڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربجیت سنگھ کی بہن دلبیر کورکا کہنا تھا کہ جیلوں میں قیدیوں کی بیرکیں علیحدہ علیحدہ ہوتی ہیں، اس کے باوجود جیل میں سربجیت سنگھ پر حملہ ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے بتایا کہ سربجیت سنگھ نے کئی بار آگاہ کیا کہ انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس حوالے سے جیل حکام کو بھی بتا دیاگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے پاس پندرہ روز کا ویزا ہے لیکن سربجیت سنگھ کی چھوٹی بیٹی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اس لئے وہ واپس جارہے ہیں۔انہوں نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ وہ انکے ساتھ ہرممکن تعاون کریں۔انہوں نے بتایا کہ وہ سربجیت سنگھ کو باہرلیجانے کیلئے آئی تھیں لیکن اسکی اجازت نہیں مل سکی۔ سربجیت سنگھ کے وکیل اویس شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سربجیت کے علاج کیلئے بھارت سے ڈاکٹرز منگوانے کی اجازت کیلئے لاہورہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی ہے.