عمران خان کو اپنی بغل میں کھڑا مجرم نظر نہیں آتا،عمران خان نے جہانگیر ترین کو بیرون ملک پیسہ بھیجنے سے کیوں نہیں روکا : پرویز رشید
لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور طلال چودھری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ قوم کےسامنےحقائق لانا چاہتے ہیں کیونکہ بعض امور پر حقائق چھپا کر جھوٹ بولا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں شریف خاندان کے بچے اپنی خوشی سے بیرون ملک نہیں گئے جبکہ پرویز مشرف کے جبر نے وزیراعظم کے صاحبزادوں کو وطن واپس آنے سے روکا۔ انہوں نے چئیرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس پر وزیر اعظم خود کو کمیشن کے سامنے پیش کررہے ہیں، ہماری لغت میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا کمیشن ہے اور یہ کمیشن احتساب کرتا ہے۔ ہمارا دامن صاف ہے اس لئے کمیشن قائم کیا۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کو اپنی بغل میں کھڑا مجرم نظر نہیں آتا، چیئرمین پی ٹٰی آئی بتائیں انہوں نے جہانگیر ترین کو بیرون ملک پیسہ بھیجنے سے کیوں نہیں روکا، وہ پہلے آف شور کمپنیوں کے خلاف تھے اور اب حق میں نظر آرہے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان صرف نفرت کے بیج بوتے ہیں، بدقسمتی سےسیاست میں ہٹ دھرمی اورجھوٹ پریقین رکھنےوالاشخص آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم ہے کہ نشانہ نوازشریف نہیں بلکہ پاک چین اقتصادی راہداری ہے، وزیراعظم نوازشریف پرویز مشرف کے سامنے نہیں جھکے ، وہ عمران خان اور بلاول بھٹو کے کہنے پر کیا استعفے دیں گے۔ اس دوران مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے بھی عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کمیشن بن گیا ہے، اب سب کا احتساب ہوگا۔