این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرگئیں جس کے باعث سسٹم سے بارہ سو میگاواٹ بجلی نکل گئی
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق این ٹی ڈی سی کی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرنے سے سسٹم سے بارہ سو میگاواٹ بجلی نکل گئی ہے۔ بند ہونیوالے پاور پلانٹس میں چشمہ نیوکلیئرپاور پلانٹ ون،ٹو،تھری اور فورشامل ہیں۔ پاور پلانٹ بند ہونے کے باعث ملک میں لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق تین ایل این جی پاور پلانٹس جن میں حویلی بہادرشاہ ،بھیکی پاور پلانٹ اور بلوکی شامل ہیں ٹیسٹنگ کی وجہ سے بند ہیں۔ تینوں ایل این جی پاور پلانٹس چھتیس سو میگا واٹ صلاحیت کے حامل ہیں۔ ترجمان پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ چشمہ ون اور چشمہ ٹو کی شام تک بحالی کی توقع ہے۔چشمہ تھری اور چشمہ فور کی بحالی میں وقت لگ سکتاہے،صوبوں کی طرف سے پانی کی کم طلب کے باعث پن بجلی کی پیداوار بھی کم ہے۔نیلم جہلم پاور پلانٹ بھی تاحال ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے۔ مجموعی صورتحال کی وجہ سے قومی گرڈ کو بجلی شارٹ فال کا سامنا ہے۔ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں چند گھنٹے عارضی لوڈ شیڈنگ کی جائیگی۔ لوڈ شیڈنگ کا تناسب نقصانات کو مد نظر رکھ کر کیا جائیگا۔