طاقتور سرکاری اداروں کی عقابی نظریں بھی صرف پنجاب پر مرکوز ہیں، اشرافیہ نے کئی سو ارب کے قرضے لے کر معاف کرائے: شہبازشریف
لاہور میں یوم مئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےکہا کہ اشرافیہ نے اربوں روپے کےقرضے معاف کرائے، قرضے معاف کرانے والوں نے بڑی گاڑیاں اور محل رکھے ہوئے ہیں،،، وزیر اور مشیر بھی بنے، کئی سو ارب کے قرضے معاف اور سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے لوگ آج شیروانی اور واسکٹ پہن کر نصیحت کرتے ہیں۔شہبازشریف نے کہاکہ نیب کا سورج پنجاب کی دھرتی پر پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے، عدالت عظمیٰ بھی ہر چیز کا گہرائی میں جاکر نوٹس لے رہی ہے، طاقتور سرکاری اداروں کی عقابی نظریں صرف پنجاب پر مرکوز ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کھوج لگانے کے لیے نیب اور دوسرے اعلیٰ اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن دُہرا معیار نہیں چل سکتا، ایک طرف کرپشن کو نظر انداز کریں اور دوسری طرف عقابی نظروں سے ہر چیز دیکھیں، آگ اور پانی نہیں مل سکتے، دونوں میں سے ایک نے ختم ہونا ہے،وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یہ نہیں کہتا پنجاب میں کرپشن ختم ہوگئی، اگر پچھلے دس سالوں میں قرضوں اور سڑکوں سمیت کسی بھی منصوبے میں میری ذات کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان، میری قبر سے لاش کو نکال کر ٹانگ دینا۔ اورنج لائن منصوبے میں تاخیر پر پی ٹی آئی سے اتوار کو بدلہ لینے پر لاہور والوں کو سلام کرتا ہوں