کراچی میں آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں آج سے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ آج سے3 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت40سے42 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جب کہ شہر اور گرد و نواح میں سمندری ہواؤں کے بجائے شمالی اور شمال مغربی گرم و خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔جس پر ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرمی اور لو لگنے سے ان کی حالت غیر ہوسکتی ہے جبکہ بچوں کو ڈائیریا، جلدی امراض اورانفیکشن کے ساتھ ہیپاٹائٹس اے اورای ہوسکتے ہیں اس لئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے اگر ضروری کام ہو تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر باہر نکلا جائے ، پانی کی بوتل ساتھ رکھی جائے ، مرغن غذاؤں کے بجائے سادہ غذا، سبزیوں ، دہی ، لسی اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے ۔ بچوں کوپانی ابال کر پلایا جائے ، پھل دھو کر کھائے جائیں ،دھوپ میں کھیلنے سے روکا جائے،باریک کپڑے پہنائے جائیں ، نوزائیدہ بچوں کو گرم کپڑوں میں نہ لپیٹا جائے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے