پنجاب میں تبدیلی نہیں آرہی، میں نے کبھی نہیں سنا کہ وزیر اعلی کو ہٹایا جارہا ہے، جہانگیر ترین
پاکستان تحریک افصاف کے رہنماء جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی کو نہیں ہٹایا جا رہا، صوبائی وزیر بلدیات راجہ بشارت نے جہانگیر ترین کو نئے نظام کا آرکیٹیکٹ قرار دے دیا۔لاہور میں صوبائی وزراکے ہمراہ سینئر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے نئے بلدیاتی نظام کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ جہانگیرترین نے کہا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی نہیں آرہی۔ میں نے کبھی نہیں سنا کہ وزیر اعلی کو ہٹایا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن وعدے کے مطابق پہلے سب سیکریٹریٹ بنائیں گے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام جمہوریت کی نچلی سطح تک منتقلی اور صوبے میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اجلاس میں ان کی موجودگی پر اعتراض اٹھایا جاتا ہے لیکن ملک کی خدمت کے لیے جب بھی وزیراعظم بلائیں گے ضرور اپنی رائے دوں گا۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ وعدے کے مطابق سب سیکریٹریٹ بھی بنائیں گے مگر صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کا عمل خاصا مشکل ہے۔ راجہ بشارت نے بتایا کہ نیا بلدیاتی نظام جہانگیر ترین کے مرہون منت ہے۔ نئے نظام کے تحت آئندہ برس ایک سو دس ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔