ہمارا مذہب سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے:عمران خان

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھی مزدوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ دن مزدوری کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ یکم مئی اپنے حقوق کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔یہ دن مزدوری کے تقدس اور وقار کی علامت ہے۔یہ دن ملک کی معاشی ترقی کے لیے کارکنوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔ ہمارا مذہب سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے۔ترقی کے عمل میں محنت کشوں کے حقوق کے اعتراف کا احترام انتہائی ضروری ہے۔حکومت مزدوروں کوبنیادی حقوق کی فراہمی اور فلاح وبہبود کے لیے پرعزم ہے۔مزدوروں کی فلاح کے لیے مربوط نظام تیار کرنا ترجیح ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے لوگوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب کیے ہیں۔صنعتی شعبہ کی بندش سے مزدور طبقے پر براہ راست اثر پڑا ہے،وبائی بیماری سے مزدور طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے۔