پیپلزپارٹی محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار جماعت ہے ۔ کامران یوسف گھمن

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیپلزپارٹی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی اور تحصیل صدر بورے والا چودھری کامران یوسف گھمن نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی علمبردار جماعت ہے اس جماعت نے آئین میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو قانون سازی کرکے یقینی بنایا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نےمزدوروں کے عالمی دن یوم مئی کے موقع پر ایک خصوصی بیان میں کیا ۔ انہوں نےکہا کہ تبدیلی سرکار نے ایک کروڑ نئی نوکریاں دینے کے جھوٹے وعدے کرکے ملک میں لاکھوں لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کردیا اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردئیے ۔ کروڑوں لوگ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ اس حکومت نے غریب مکاؤ مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ چوہدری کامران یوسف گھمن نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے دوراقتدار میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے ہیں انہوں نےکہا کہ آج مزدوروں کے لئے تجدید عہد کا دن ہے اس روز شگاگو میں مزدوروں نے حقوق کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایک تاریخ رقم کی۔ ہم مزدوروں کی اس سرخ اورعظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ، اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزدوروں کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔