کراچی میں 5 تا 8 مئی پھر ہیٹ ویو کا امکان
آئندہ ہفتے کراچی میں پھر ہیٹ ویو آنے کا امکان ہے۔کراچی کے شہریوں کو محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 سے 8 مئی کے دوران شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق 5 سے 8 مئی کے دوران شہر میں شدید گرمی پڑے گی اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہیٹ ویو کے دوران شہرِ قائد میں دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں معطل رہیں گی۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں شمال مغربی علاقوں سے گرم ہوائیں چلنے کے باعث موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔