سعودی عرب سے دو پروازیں پاکستانیوں کو لیکر لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئیں
سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کو پی آئی اے کی 2پروازوں سے مجموعی طور 500 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ۔ صبح پی آئی اے کی پرواز 250 پاکستانی شہریوں کو لیکر لاہور پہنچ گئی ۔اس کے علاوہ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ سعودی عرب میں پھنسے 254پاکستانیوں کو پرواز پی کے 702 کے ذریعے ریاض سے اسلام آباد ایئرپورٹ لے کر پہنچا۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور سکریننگ کی۔تمام مسافروں کو مختص قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا اور ٹیسٹ کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے۔ائیرپورٹ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے والے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث پروازیں بند ہونے کی وجہ ہزاروں پاکستانی تقریبا ًایک ماہ سے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔ محصور پاکستانیوں میں عمرہ زائرین کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے،تمام مسافروں کی سکریننگ اور مکمل طبی جانچ کے بعد قرنطینہ میں بھیج دیا جائے گا۔