کراچی میں رمضان اور عید کی رونقیں ماند
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کے باعث شہرِ قائد میں اس بار ماہِ رمضان اور پھر عید کی رونقیں ماند دکھائی دے رہی ہیں۔کراچی کی شاہراہوں پر ان دنوں ٹریفک جام معمول ہوا کرتا تھا، مارکیٹوں میں رش ایسا ہوتا تھا کہ تل دھرنے کی جگہ نہ ہوتی پر اب ہو کا عالم ہے، سناٹے ہیں اور خاموشی ہے۔اس سال جہاں ماہِ رمضان بالکل خاموشی سے گزر رہا ہے وہیں عید کی تیاریاں بھی ماند ہیں، عوام کی قلیل تعداد عید کی خریداری آن لائن کر رہی ہے۔شہر کراچی کی مارکیٹوں میں سناٹے کا راج ہے، یقین نہیں ہوتا کہ یہ وہی مقامات ہیں جہاں سے گاڑی کو گزرنے میں گھنٹوں لگ جاتے تھے پر اب اس تیز رفتاری سے سفر طے ہوتا ہے کہ پتہ ہی نہیں لگتا۔مارکیٹوں کو بڑے بڑے تالے لگے ہوئے ہیں، روشنیوں کی جگہ اندھیرا ہے، نہ گاہکوں کی تکرار ہے اور نہ ہی دکانداروں کا اسرار ہے۔مارکیٹوں میں قید کپڑے، جوتے، جیولری اور دیگر ضروریات کی اشیاء اپنے قدر دانوں کی منتظر ہیں۔کووڈ 19 نے عوام کو سمجھادیا ہے کہ گھروں میں رہنے میں عافیت ہے۔