وزیراعظم عمران خان کو کام نہیں کرنا تو استعفیٰ دے کر گھر جائیں: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی وزیر اعظم کو سمجھائے کہ وہ اب کنٹینر پر نہیں ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ کنٹینر سے اتریں اور وزیر اعظم بنیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کام کریں، کام نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دیں، کسی اور کو آنے دیں، ہمارے وزیر دن رات کام کرتے ہیں، وفاق ہمارے وزیراعلیٰ کونشانہ بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے پوچھتا ہوں کہ کون سی ایلیٹ کلاس ہے جس نے یہ لاک ڈاؤن نافذ کیا، لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان وفاقی وزیر نے کیا۔ وفاقی حکومت صوبوں کی کوئی مدد نہیں کر رہی، وزیر اعظم کیا صرف اسلام آباد کے ہی وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔