کرونا وائرس، ریسٹورنٹ کی مالکن کا ملازمین کے لیے بڑا اقدام
نیویارک: کرونا وائرس کے باعث کئی طرح کے کاروبار نقصان میں جارہے ہیں اور مالکان کے لیے ملازمین کی تنخواہیں دینا مشکل ہورہا ہے ایسے میں امریکا میں ایک ریسٹورنٹ کی مالکن نے نئی مثال قائم کردی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا کے شہر سمائرا میں ریسٹورنٹ کی مالکن چیرٹی سیلیئرز نے جب یہ دیکھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ ملازمین کی تنخواہ نہیں دے سکتیں تو انہوں نے اپنی لگژری اسپورٹس گاڑی فروخت کردی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ دیگر چھوٹے کاروباروں کی طرح ان کے ریسٹورنٹ کو بھی کرونا وائرس کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا اور ان کے پاس عمارت کا کرایہ اور ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے بھی پیسے نہ تھے جس پر انہوں نے اپنی اسپورٹس کار فروخت کردی۔