گلت بلتستان میں ڈوگرہ راج سے نجات پرپینسٹھواں یوم آزادی آج منایا جارہا ہے۔
گلگلت بلتستان میں ڈوگرہ راج سے آزادی کا دن انتہائی جوش وخروش سے منایا جارہا ہے، دن کا آغازایف سی این اے کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر اہم عمارتوں پر قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔ شہریوں نے مساجد میں ملکی سلامتی کےلیے خصوسی دعائیں کیں۔ اس حوالے سے سب سے بڑی تقریب چنار باغ میں شہداء کی یاد گارپرہوئی جہاں گورنرگلگت بلتستان سید پیرکرم علی شاہ، وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ اور فورس کمانڈر جنرل مسعودالحق نے یادگار پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑہائی ۔ اس موقع پر چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ گلگت سکاؤٹس کی جانب سے قراقرم یونیورسٹی سے سٹی پارک تک میراتھن کا انعقاد بھی کیا گیا۔ یوم آزادی کے موقع پر شہرمیں مختلف سیاسی اور طلباء تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے پینسٹھ برس قبل انگریز اورکشمير کے ہندو مہاراجہ کی غلامی سے نجات حاصل کرکے آزادی کا پرچم لہرايا تھا۔