وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے لاپتہ افراد کیس میں اتحادیوں سمیت سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت ناکام نہیں ہوئی اور وہ اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات دیگر صوبوں سے بہتر ہیں جبکہ انہیں آج بھی ساٹھ ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی رکنیت معطل کئےجانے کی خبروں کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ کوئی ان کی رکنیت معطل نہیں کرسکتا ہے،اگر کسی میں ہمت ہے تو ایسا کرکے دکھائے،اس کو دس روپے انعام دیں گے۔ اسلم رئیسانی نے کہا کہ وہ مختلف الزامات کی زد میں ہیں، لیکن دفاع کریں گے۔ کرپشن ثابت ہو جائے تو احتساب کیلئے حاضر ہیں، انہوں نے لاپتہ افراد کیس میں اتحادیوں سمیت سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا بھی اعلان کیا۔