احتساب عدالت: نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی ۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل نے نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے نواز شریف عدالت نہیں پہنچ سکتے اس لیے انہیں ایک روز کے لیے حاضری سے استثنا دیا جائے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں اپنا بیان ریکارڈ کرانا تھا تاہم موجودہ حالات کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے نواز شریف عدالت میں پیش نہیں ہو سکے اور نہ ہی نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔30 اکتوبر کو قومی احتساب بیورو(نیب )پراسیکیوٹر واثق ملک نے العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا جس کے بعد عدالت نے اگلی سماعت پر ملزم سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔نیب نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ العزیزیہ ریفرنس میں ہمارے شواہد مکمل ہو گئے ۔ نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں کل 22 گواہوں کے بیانات قلمبند کراچکے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے سپریم کورٹ کے 20 اپریل اور 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی کاپیاں بھی احتساب عدالت میں پیش کی تھیں۔