سابق ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا مزید دو رزہ جسمانی ریمانڈ منظور, اینٹی کرپشن کے حوالے
لاہور کی مقامی عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا۔
لاہور کی مقامی عدالت میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اینٹی کرپشن نے دوست محمد مزاری کو پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت سے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔ جسے جوڈیشل مجسٹریٹ نے منظور کرلیا۔دوست مزاری کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ تمام ریکارڈ سرکاری آفس میں موجود ہے اور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے اینٹی کرپشن کے نوٹسز کو معطل کر دیا ہے۔ وکیل کے مطابق سیاسی بنیادوں پر مقدمہ بنایا گیا۔عدالت نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد دوست مزاری کا دو دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور اینٹی کرپشن سے آئندہ سماعت پر تفتیش کے حوالے سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔پیشی کے موقع پر دوست محمد مزاری کے حامیوں اور محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں میں دھکم پیل بھی ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو میں دوست محمد مزاری نے کہا کہ انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب میں کونسی تبدیلی آئی ہے۔