شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں سیلاب متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی مدد پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زوردیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کی ضرورت ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سربراہان حکومت) کے21 ویں ورچوئل اجلاس سے خطاب کیا۔وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے خطے میں زیادہ سے زیادہ رابطہ قائم کرنے سے ایس سی او کے درمیان تعاون کی سیاسی اور اقتصادی صلاحیت کھولنے میں مدد ملے گی۔