بلوچستان کے سلگتے ہوئے حصے کو معمول پر لانا ہوگا. نواز شریف، تیرہ ہزاربگٹی غائب ہیں اورسرکاری ایجنسیاں اربوں روپے بٹور رہی ہیں۔ طلال بگٹی
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور بلوچ رہنما طلال اکبربگٹی نے لاہورمیں مسلم لیگ نون کے صدرنواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ بلوچستان کے سلگتے ہوئے حصے کو معمول پرلانا ہوگا۔ پیکجز کا اعلان بلوچ عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں، ان کے زخموں پر مرحم رکھنے کی ضرورت ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جعلی قیادت لانے کی کوشش کی گئی توصوبے کے معاملات مزید بگڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکبربگٹی کو فوجی آپریشن میں شہید کیا گیا جبکہ طلال بگٹی کو والد کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ مسلم لیگ نون کے صدرکا کہنا تھا کہ قصور باغیوں کا نہیں بلکہ ان کو باغی بنانے والوں کا ہے۔ اس موقع پرطلال اکبربگٹی نے کہا کہ تیرہ ہزاربگٹی غائب ہیں اورسرکاری ایجنسیاں اربوں روپے بٹور رہی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وہ کوریج نہیں دی گئی جو ہمارا حق تھا۔ بلوچستان کرپشن کی لپیٹ میں ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔