پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں 131 رنز سے ہرا دیا
ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کا ٹاس زمبابوے کے کپتان چگمبورا نے جیتا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، صرف پینتیس رنز پر ٹاپ آرڈر پویلین لوٹ گیا۔ کپتان اظہر علی نے گیارہ، احمد شہزاد نے بارہ اور محمد حفیظ نے دس سکور بنائے، اس کے بعد سرفراز احمد اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں پینسٹھ رنز بناکر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، شعیب ملک اکتیس اور سرفراز احمد چوالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نوجوان کھلاڑیوں محمد رضوان اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ایک سو چوبیس رنز بناکر کھیل کا نقشہ بدل دیا،عماد وسیم اکسٹھ رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آٓؤٹ ہوئے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان پچہتر رنز کے ساتھ ناٹ آٓؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے زمبابوے کو جیتنے کیلئے دو سو ساٹھ رنز کا ہدف دیا، جوابی اننگز میں مہمان ٹیم پاکستانی سپنرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہی، یاسر شاہ، عماد وسیم اور شعیب ملک نے پوری زمبابوین ٹیم ایک سو اٹھائیس رنز پر سمیٹ دی، شین ولیمز نے سب سے زیادہ چھبیس اور کپتان چیگمبرا نے بائیس رنز بنائے، یاسر شاہ نے چھ وکٹیں لے کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، شعیب ملک نے تین جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی، عماد وسیم کو سمارٹ اننگز کا بھی ایوارڈ دیا گیا۔