عمران خان نے کہا ہے نریندر مودی ایک انتہا پسند اور متعصب شخص ہے

رائیونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا وہ ایک امن پسند شخص ہیں ۔ برصغیر کو امن اور تجارت کی ضرورت ہے ۔ ایک چھوٹا سا مخصوص طبقہ ہے جو پاک بھارت امن نہیں چاہتا۔ کپتان نے کہا وہ بھارت گئے اور نریندر مودی سے ملے ۔ بھارتی وزیراعظم نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو پرامن ہو کر رہنا چاہئے ۔ مگر اب پتہ چل گیا ہے کہ مودی ایک متعصب اور انتہا پسند شخصیت ہے ۔اس نے پاکستان اور بھارت کے عوام کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت میں کچھ بھی ہو فورا پاکستان پر الزام لگا دیا جاتا ہے۔ کشمیری بھارتی ظلم و بربریت سے تنگ آ گئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے پیلٹ گن استعمال کیں۔عمران خان نے کہا مظلوم کشمیروں کی ہر سطح اور ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ مسلمان ہی نہیں کسی بھی قوم پر بھارتی ظلم ہوا تو اس کی آواز بنیں گے۔ عمران خان نے کہا وہ ہمیشہ سے جنگ کے مخالف رہے ہیں ۔ امریکا نے افغانستان اور عراق پر حملہ کیا تو انہوں نے اسکی مخالفت کی ۔ پرویز مشرف نے امریکا کے کہنے پر وزیرستان میں فوج بھیجی تو اس کی مخالفت کی ۔آج بھی کہتے ہیں کہ پرویز مشرف ایک مجرم ہے ۔عمران خان نے کہا انہوں نے بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں فوج بھیجنے کی مخالفت کی اور معاملات کو سیاسی طور پر حل کرنے پر زور دیا