وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات پر دھرنا کیوں نہیں دیا گیا

اسلام آباد کے نواحی علاقے شاہ اللہ دتہ میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا لیکن پرویز مشرف نے انہیں ملک سے نکال دیا۔ مشرف میں ہمت نہیں تھی کہ کسی عالمی پلیٹ فورم پر کشمیر کا ذکر کرتے۔ حریت قیادت نے نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم واجپائی نے دورہ لاہور میں پاکستان کی حقیقت کو تسلیم کیا، انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں مسئلہ کشمیر حل کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی موجودگی میں پاکستان کے استحکام کو نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ جو لوگ وزیراعظم پر حملہ آور ہیں، وہ پاکستان کے مستقبل پر حملہ کر رہے ہیں۔ دہشتگردی کے واقعات پر دھرنا کیوں نہیں دیا گیا؟ دھرنے والے ناکام ہو گئے،عوام نوازشریف کیساتھ ہیں۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ جب حکومت سنبھالی تھی تو روزانہ تین چار بم دھماکے ہوتے تھے، 2016میں پاکستان سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو رہا ہے۔