افغان صوبہ بلخ میں حملہ، 11پولیس اہلکار ہلاک ، متعدد زخمی
افغانستان کے صوبہ بلخ میں ہونے والے حملے کے نتیجے میں 11 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ حملہ شمالی صوبے کے ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں کیا گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے کہا کہ حملہ علی الصبح کیا گیا اور تاحال شورتپہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں ، حملہ آوروں کا پولیس اہلکاروں سے مقابلہ جاری رہا ۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ضلع شورتپہ پر قبضہ کرلیا گیا لیکن صوبائی حکومت کے ترجمان منیر احمد فرہاد نے دعوے کو مسترد کردیا ۔ حکومتی ترجمان کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں طالبان کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن وہ تعداد نہیں بتا سکے جب کہ طالبان ترجمان نے کہا کہ حملے میں درجنوں افغان فوجیوں کو ہلاک کردیا گیا ،علاقے میں مزید طالبان کو بھیجا جارہا ہے۔ بلخ صوبائی کونسل کے سربراہ محمد افضل حدید نے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر فوری طور افغان فورسز کی مزید نفری نہ بھیجی گئی تو صورتحال نہایت گھمبیر ہوسکتی ہے کیونکہ علاقہ کافی دور ہے۔افغانستان میں 28 ستمبر کو آئندہ پانچ سالوں کے لیے صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس وقت رائے دہندگان کی جانب سے استعمال کیے جانے والے حق رائے دہی کی گنتی کا عمل جاری ہے۔