فیصل آباد میں ٹیکسٹائل فیکٹری اور روئی کے گودام میں خوفناک آتشزدگی
فیصل آباد میں اسماعیل روڈ پر ٹیکسٹائل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کا واقع پیش آیا ہے جبکہ ٹاٹا بازار میں روئی کے گودام میں لگنے والی آگ نے لاکھوں کا سامان خاکستر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک ہی روز میں آتشزدگی کے دو واقعات پیش آئے ہیں۔ اسماعیل روڈ پر ٹیکسٹائل فیکٹری میں خوفناک آگ لگ گئی جس کے باعث فیکٹری کی چھت گر گئی ، آگ لگنے سے لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ آگ بھجانے میں ریسکیو کی 12 گاڑیاں نے حصہ لیا اور اسماعیل روڈ پر فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اورکولنگ کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب فیصل آباد میں ہی ٹاٹا بازار میں روئی کے گودام میں آ گ لگ گئی،آگ نے ملحقہ دکان اور بالائی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو کی تین گاڑیوں نے آگ بھجانے میں حصہ لیااور ٹاٹا بازار میں روئی کے گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اورکولنگ کا عمل جاری ہے۔