ملک کے تحفظ کی خاطر تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے:وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ کی خاطر تذویراتی صلاحیتوں کومزیدمستحکم بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ اسلام آباد میں سپارکوکے سیٹلائٹ گرائونڈسٹیشن کے دورے کے موقع پروزیراعظم نے زوردیا کہ پاکستان کی ایٹمی اورتذویراتی صلاحیت مضبوط کمان اینڈکنٹرول سسٹم کے تحت محفوظ ہے۔ انہوں نے خلائی ٹیکنالوجی کے اہم کردارکوسراہا اورخلا پرمبنی خدمات اورڈھانچے کی توسیع کیلئے تعاون کایقین دلایا تاکہ سماجی واقتصادی ترقی کے لئے قومی خلائی پروگرام 2047 کو فروغ دیاجاسکے۔ وزیراعظم کوخلا، سائنس وٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں سپارکوکی کامیابیوں کے بارے میں بتایاگیا۔