مہنگائی کے بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کے بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے، خود کشی بھی نہیں کی لیکن عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا، مہنگائی کے بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا، ایک طرف ڈالر بے قابو ہے جبکہ دوسری طرف ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا، یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے، اب مسلسل مہنگائی سے قوم کا تیل نکال رہے ہیں، ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جاسکتا ہے، پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی، بجلی، گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے، حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا، عوام کی بس ہوچکی، یہ ظلم مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں، قوم پر رحم کیا جائے۔