جسٹس طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کےعہدے کا حلف اٹھالیا

Sep 01, 2018 | 10:35

بلوچستان کے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری گورنر ہاوس میں منعقد ہوئی۔ جسٹس طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کےعہدے کا حلف اٹھالیا۔ گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے جسٹس طاہرہ صفدرسے حلف لیا۔ جسٹس طاہرہ صفدر نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی، جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر پانچ اکتوبر انیس سو ستاون کو کوئٹہ میں پیدا ہوئیں بلوچستان یونیورسٹی سے اردو لٹریچر میں ماسٹرز کیا اور انیس سواسی میں لاء کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ بائیس اپریل انیس سو بیاسی میں پہلی خاتون سول جج کے عہدے پر فائز ہوئیں۔ انتیس جون انیس سو ستاسی میں سینئر سول جج ستائیس فروری انیس سو اکانوے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور یکم مارچ انیس سو چھیانوے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر فائز رہیں وہ لیبر کورٹ اور بلوچستا ن سروس ٹریبونل میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر سات ستمبر دوہزار نو کو بلوچستان ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج بنیں ۔ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کے حوالے سے تین رکنی خصوصی بینچ کا حصہ بھی تھیں۔

مزیدخبریں