کراچی: چیف جسٹس کا نجی اسپتال پر چھاپہ، شرجیل میمن کےکمرے سے شراب، منشیات برآمد

Sep 01, 2018 | 10:49

کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آج کلفٹن میں واقع نجی اسپتال میں زیرعلاج پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل انعام میمن کے کمرے میں چھاپہ مارا، جس کے دوران وہاں سے مبینہ طور شراب کی بوتل، سگریٹس اور منشیات برآمد ہوئیں۔  جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری آمد سے قبل کراچی کے اسپتالوں میں سیاسی قیدیوں کے کمروں پر چھاپے مارے۔ چیف جسٹس سب سے پہلے کلفٹن کے نجی اسپتال کی پہلی منزل پر سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے کمرے میں گئے، تاہم ذرائع کے مطابق وہاں کوئی ڈاکٹر یا نرس موجود نہیں تھی۔ ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران کمرے سے شراب کی بوتل، سگریٹس اور دیگر منشیات برآمد ہوئیں۔ کلفٹن کے بعد چیف جسٹس نے ادارہ برائے امراض قلب میں زیرعلاج سیاسی قیدی انور مجید کے کمرے میں بھی چھاپا مارا۔ چیف جسٹس نے انور مجید کے کمرے میں مختلف اشیاء کا جائزہ لیا اور کچھ ریکارڈ بھی قبضے میں لیا۔ ادارہ برائے امراض قلب کے دورے کے بعد چیف جسٹس پاکستان جناح اسپتال گئے، اس موقع پر ڈاکٹر سیمی جمالی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

مزیدخبریں