عمران خان کیخلاف ہتک عزت کیس کی سماعت18ستمبر تک ملتوی
جج کی رخصت کے باعث عمران خان کیخلاف ہتک عزت کیس کی سماعت 18ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی گئی، لاہور سیشن کورٹ میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے ان کے معاون وکیل ساجد قریشی عدالت میں پیش ہوئے ، تاہم جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی جانب سے دائر دعوے میں موقف اپنایا گیا کہ پاناما لیکس معاملے پر عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی وجہ سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے ان پر پانامالیکس پر 10 ارب کی پیشکش کا بے بنیاد الزام عائد کیا ہے۔انہوں نے اپنی درخواست دعویٰ میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو 10 ارب روپے بطور ہرجانہ انہیں ادا کرنے کا حکم دے۔