صدر کا معاشرے کی مجموعی فلاح وبہبود کیلئے اتحاد، رواداری او رمذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور
صدرڈاکٹر عارف علوی نے معاشرے کی مجموعی فلاح وبہبود کیلئے اتحاد، رواداری او رمذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ نئے ہجری سال 1441کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے امت مسلمہ اور قوم کو مبارکباد دی اور ان کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔عارف علوی نے کہا کہ نئی حکومت نے خلوص نیت کے ساتھ ترقی وخوشحالی کے حصول کیلئے ملک کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے۔صدر نے کہا کہ محرم الحرام کا شمار ان چار مقدس اسلامی مہینوں میں ہوتا ہے جو ہمیں عظیم قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں صبروتحمل، برداشت اور سچائی کے ساتھ تمام جیلنجوں کا سامناکرنے اور برائی کی قوتوں کے خلاف پختہ عزم کے ساتھ سینہ سپر ہونے کا حوصلہ وہمت عطا کرتا ہے۔صدر نے امت مسلمہ اور قوم کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اس مقدس مہینے کی اصل روح اور اہمیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے