مودی کو آر ایس ایس کے غنڈوں پرفخر ہے تو ہم بھی غزنوی کی اولاد ہیں،حکومت پاکستان شملہ معاہدےکے خاتمےکا اعلان کرے: امیر جماعت اسلامی
کراچی میں ’آزادی کشمیر مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی میں عبوری طور پر مقبوضہ کشمیر کے ’مجاہدین‘ اور عوام کو نمائندگی دی جائے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آپہنچا کہ کشمیر کا قانون ساز ادارہ مقبوضہ کشمیری کے لیے لائحہ عمل اور حکمت تیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ ’بھارت نے آرٹیکل 370 منسوخ کرکے عالمی قانون کی خلاف ورزی کی اور اپنی فوجیں سری نگر میں اتار دی تو پاکستان بھی اپنی فوج سری نگر میں ہونا چاہیے‘۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے یہ لڑائی سری نگر میں نہیں لڑی تو آپ دیکھیں یہ لڑائی اسلام آباد اور مظفر آباد میں لڑنا پڑے گی۔جماعت اسلامی کے امیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحد اور ایل او سی پر 450 کلومیٹر پر نصب آہینی باڑ کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔انہوں نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرکے کہا کہ ’تمہیں انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس پر فخر ہے لیکن یاد رکھنا ہم بھی غزنوی کی اولاد اور احمد شاہ ابدالی کے بھائی ہیں، سومنات ایک مرتبہ پھر پاش پاش کرسکتے ہیں‘۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ’آج کی توانا آواز نے سری نگر کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو حوصلہ دیا‘۔سراج الحق نے کہا کہ بھارت کے کئی ٹکڑے ہوں گے اور کئی ریاستوں میں ریاست مخالف گروہ موجود ہیں جو متحرک ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کے بعد بھارت میں ہی کئی مقامات پر پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے اور انتظامیہ نے ان کے خلاف غداری کے مقدمات دائر کردیے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب فیس بک کاجہاد نہیں چلے گا،عملی طورپر آگے بڑھنا ہوگا، وقت کے ٹیپوسلطان بنیں، میرجعفر اور میر صادق نہ بنیں، حکومت سےکہتا ہوں شملہ معاہدے کے خاتمے کا اعلان کرے جب کہ مطالبہ کرتاہوں بارڈر اور ایل او سی پر لگائی گئی باڑ ختم کردی جائے، ہمارے لوگ مر رہے ہیں اور آپ تماشا دیکھ رہے ہیں، لیکن یہ مت بھولیں امت جاگ رہی ہے۔