زوم کو تین ماہ میں 186 ملین ڈالر منافع، حصص کے نرخ 22 فیصد بڑھ گئے

امریکی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کمپنی زوم کو تین ماہ کے دوران 186 ملین ڈالر خالص منافع ہوا جس کی وجہ کورونا لاک ڈاﺅن کے دوران اس کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہے،منافع کی اطلاع پر کمپنی کے حصص کے نرخوں میں 22 فیصد اضافہ ہوگیا۔ یہ بات کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہی گئی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز حکام کے اعلیٰ سطحی وڈیو اجلاس میں بتایا گیا کہ کمپنی کی مئی سے جولائی کی سہ ماہی میں کل آمدنی 663.5 ملین ڈالر رہی جبکہ خالص منافع 186 ملین ڈالر رہا،2019 ءکے اسی عرصے میں کمپنی کو 5.5 ملین ڈالر خالص منافع ہوا تھا،منافع کی اطلاع پر سٹاک مارکیٹ میں زوم کے حصص کے نرخوں میں فوری طور پر 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے اختتام پر کمپنی کے صارفین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جو 2019 ءکے اسی عرصے کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے۔