طالبان نے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد کابل ہوائی اڈے کا انتظام سنبھال لیا
طالبان نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد انہوں نے کابل کے ہوائی اڈے کاانتظام سنبھال لیا ہے۔ حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی فوج کے انخلا کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک نے اب مکمل طور پر آزادی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک کی بات نہیں کہ امارت اسلامی افغانستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عسکری کارروائیوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا۔ انہوں نے نگران حکومت کے قیام کو مسترد کیا اور زوردیا کہ کابل اب محفوظ جگہ ہے۔