نیوزی لینڈ حکومت نے کوروناوبا پر قابو پانے کیلئے چیکنگ پوائنٹس قائم کردیئے
نیوزی لینڈ حکومت نے کوروناوبا پر قابو پانے کیلئے آکلینڈ میں چیکنگ پوائنٹس قائم کردیئے،چیکنگ پوائنٹس غیر ضروری سفر کو روکنے کے لیے قائم کئے گئے ۔نیوزی لینڈ میں مسلسل دو دن کورونا کیسز میں کمی کے بعد ایک بار پھر کورونا کیسز کی بڑی تعداد سامنے آئی نیوزی لینڈ میں 75 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ جن میں سے ایک کے علاوہ باقی تمام کیسز آکلینڈ سے سامنے آئے ۔ آکلینڈ میں ڈیلٹا وائرس کیسوں کی مجموعی تعداد 687 ہوگئی۔ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ ڈاکٹرایشلے بلوم فیلڈ کورونا کیسز میں کمی کے لیے پر امید ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ حکومتی اعداد وشمار کے مطابق ہرانفیکٹڈ شخص سے متاثر ہونے والے نئے کیسز کی شرح ایک سے بھی کم ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ ا س بات کا اشارہ ہے کہ کیسز کی تعداد میں کمی ہوتی رہے گی۔ اور ہم کامیابی سے عالمی وبا کی زنجیریں توڑ رہے ہیں۔آکلینڈ میں بے قابو کورونا وائرس کے باعث لیول 4 لاک ڈائون اگلے 2 ہفتوں تک نافذ رہے گا، جبکہ ملک کے دیگرحصوں میں پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے اور وہاں لیول تین کا لاک ڈائون نافذ ہے۔وبا کے پھیلائو کے پیش نظر نیوزی لینڈ اپنی آبادی کو ویکسینیٹڈ کرنے کے لیے کار بند ہے۔ اب تک نیوزی لینڈ میں ویکسینیشن کی اہل آبادی کے 50 فیصد افراد کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لے چکے ہیں جبکہ 27 فیصد اہل آبادی کومکمل ویکسین دی جا چکی ہے۔ نیوزی لینڈ میں 12 سال سے زائدعمر کے تمام افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔