سائفر گمشدگی کیس میں گرفتارچیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء ٹیم کو ملاقات کی اجازت

سائفر گمشدگی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم اورچیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے وکلاء ٹیم کو ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔ جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلا ٹیم کو ملنے کی اجازت دے دی، سلمان صفدر، علی اعجاز بٹر، نعیم پنجوتھا، انتظار پنجوتھا اور عمیر نیازی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت ، وقار اور سیکورٹی مدنظر ہے، میں ہر کسی کو اجازت دیتا جاؤں ان کی سیکورٹی کو بھی مدنظر رکھنا ہے، لہٰذا ہر کسی کو اجازت نہیں دے سکتا جو نام چیئرمین پی ٹی آئی نے دیے وہی ملیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی ملاقات کی اجازت مل گئی۔