دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،سرفرازبگٹی
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، پا کستان میں بے امنی پھیلانے والے دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر میں ریکورٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔ ریکروٹس بیج 43 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کے علاوہ سول اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران،معززین و پاس آئوٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر دورانِ تربیت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہدا کی قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تربیت ریکروٹس کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی ۔ بلوچستان کے امن و امان کے قیام میں کوسٹ گارڈز کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈز نے گزشتہ ایک سال کے دوران بھاری مقدار میں منشیات پکڑی،جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت616ملین یو ایس ڈالر ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈ نے1077 ملین روپے کی غیر قانونی اشیا بھی ضبط کیں۔ مختلف مد میں حکومتی خزانے میں 380 ملین روپے جمع کروائے گئے جبکہ کئی مجرموں کو سزاہوئی۔ گزشتہ سال 444 تارکین وطن کو جیوانی کے ملحقہ ساحل سے گرفتار کیا۔ کوسٹ گارڈز کے عملے کا غیر متزلزل عزم ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ الیکشن میں دو چار مہینے کے التوا کو تاخیر نہیں سمجھتا، ہم بہت مختصر عرصے کے لیے آئے ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر جو حملے کیے جارہے ہیں ان کا مقابلہ کریں گے، ریاست پر حملے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے اور اس کا امن پاکستان کا امن ہے۔ سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینی اور آٹے کی سمگلنگ سے متعلق کل بھی میٹنگ ہوئی، تمام فورسز کو پابند کیا گیا ہے کہ سمگلنگ کو روکا جائے۔