پاکستان کوخطے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وزیراعظم

چین میں باؤ ایشیا فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں اور ہماری سٹریٹجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا دنیا کی آدھی اقتصادی قوت ہے جبکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شفاف انتخابات کے ذریعے دوہزار آٹھ میں جمہوریت بحال ہوئی،آج ملک میں عدلیہ اور میڈیا آزادجبکہ خواتین کوبااختیار بنادیا گیا ہے تاہم ہماری نئی جمہوریت کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔عالمی اقتصادی بحران اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان کی معیشت متاثر ہوئی جبکہ پاکستان نے بين الاقوامی سياست کی بھی بہت بڑی قيمت ادا کی ہے۔